بھٹکل:21 /ڈسمبر (ایس او نیوز) تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت چلنے والےشمس انگلش میڈیم ہائی اسکول اور نیو شمس اسکول کے سالانہ کھیل مقابلوں کا انعقاد بروز بدھ اسکول کے صحن میں منعقد ہوا۔
پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے بھٹکل پولس سرکل انسپکٹر سریش نایک نے کہاکہ جن کھیلوں سے جسم کو تھکاوٹ ہوتی ہے ان میں شریک ہوکر مقابلہ آرائی کرنے سے ہم بہترین صحت پاسکتے ہیں۔ آج کل کے بچے جسمانی صحت بنانے والے کھیلوں کے بجائے گھروں میں کمپیوٹر اور موبائیل کے ذریعے کھیلوں میں مگن رہتے ہیں، جس سے طلبا میں مشکلات اورمحنت و مشقت سے جی چرانے کی عادت پڑجاتی ہے۔ پچھلے زمانے میں گھر کے بزرگ، والدین وغیرہ بچوں کو سخت تاکید کرتے تھے کہ وہ شام ہوتے ہی گھر پہنچے ، اب یہ حالات ہیں کہ بچوں کو زور زبردستی کہنا پڑتاہے وہ باہر جاکر کچھ کھیل کھیلے ۔ فزیکل تعلیم کو ہمارے ہاں کافی اہمیت دی جاتی ہے صحت مند کھیلوں سے زندگی کی راہیں آسان ہوتی ہے۔
امن کی علامت کبوتر چھوڑکر کھیلوں کا اجراءکرتے ہوئے جنتا ودیالیہ پی یوکالج کے پرنسپال امرت بی رام رتھ نے شمس اسکول کے انتظامیہ کی حالیہ سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ شمس اسکول کے طلبا کی طرف سے کئی ایک سماجی کام انجام دئیے جارہے ہیں، جس سے طلبا میں انسانی اقدار پیدا ہوتے ہیں۔ یہاں کے طلبا مختلف طبقات کے طلبا کے ساتھ بہترین تعلقات رکھتے ہیں، مذہبی مقامات کا دورہ کرنا اور وہاں کے ذمہ داران سے ملاقات کرنا اس کی بہترین مثال ہونے کی بات کہی۔ وہیں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے ہاں جتنی اہمیت تعلیم کو دی جاتی ہے اتنی کھیل کو نہیں دی جاتی۔ ہمارے پاس کئی ایک صلاحیتیں ہیں لیکن اس کے لحاظ سے بہترین کوچر نہیں مل رہے ہیں۔ والی بال میدان کا اجراء کرنےکے بعد بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا نے کہاکہ شہر بھٹکل کھیل کے میدان میں کافی ترقی کررہاہے، یہاں کے طلبا کئی ایک کھیل کے مقابلوں میں نیشنل لیول پر نمائندگی کررہے ہیں، آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر کھیل کے میدان کو ترجیح دینے کے امکانات ہیں۔ ادارے کے سکریٹری محمد طلحہ سدی باپا نے پروگرام کی صدارت کی۔ اسکول کے صدر مدرس ایم آر مانوی نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ انتظامیہ ممبرا ن نوید حسن ائیکری ، مولانا عزیز الرحمن ندوی ، ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ، حبیب اللہ رکن الدین ، حافظ عبدالغنی رکن الدین وغیرہ موجود تھے۔ استاد مہیش نائک نے تلاوت کی گئی قرآنی آیا ت کا کنڑا ترجمہ پیش کیا۔ پرشانت بھٹ نے شکریہ ادکیا۔ طلبا میں سے اصباح ادیاور،محمد شاطر نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔